ابنا: مسلمانوں کے قبلہ اول کی صہیونی تسلط سے آزادی کیلئے عالم اسلام کے عظیم ترین رہنماء امام خمینی رہ کی جانب سے جمعتہ الوداع کو یوم القدس سے منسوب کرنے کے تحت مختلف مسلم ممالک میں اس اہم روز کو انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا، پاکستان میں بھی ہر سال کی طرح عوام نے قدس کی آزادی کیلئے امت مسلمہ میں بیداری شعور اور عالم اسلام کے حکمرانوں کی توجہ اس اہم ترین مسئلہ کی جانب مبذول کرانے کیلئے ریلیاں نکالیں، سیمینار منعقد کئے اور دیگر پروگرامز کا اہتمام کیا گیا، اسی طرح جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ میں 16 سال بعد یوم القدس کی تاریخی ریلی نکالی گئی جس کو موجودہ حالات کے تناظر میں یوم القدس و استحکام پاکستان ریلی کا نام دیا گیا، اس ریلی کا ایک خاص پہلو 16سال بعد انعقاد تو ہے ہی لیکن مختلف مذہبی، سیاسی، طلباء اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے ایک ہی مقصد کیلئے سڑکوں پر نکلنے کے اقدام نے اس ریلی کی اہمیت و افادیت میں اضافہ کر دیا، ریلی میں ملت تشیع کے علاوہ اہل سنت عقائد کے پیروکاروں کی جانب سے بھی امام خمینی رہ کی شروع کی گئی تحریک میں شرکت نے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی مزموم کوششوں میں مصروف بیمار ذہنوں کو منہ توڑ جواب دے دیا، ضلع لیہ کے علاقہ چوک اعظم کے مسلمانوں نے قبلہ اول کی آزادی اور اپنے پیارے وطن کے استحکام کی خاطر ہاتھوں میں ہاتھ دے کر ثابت کر دیا کہ جب جب مسلمان متحد ہوئے ان کو نقصان پہنچانے والے ہاتھ اسی وقت ٹوٹ گئے۔ چوک اعظم ضلع لیہ میں یوم القدس و استحکام پاکستان ریلی کے تحت مجلس وحدت المسلمین، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، اسلامی جمعیت طلبائ، تحریک منہاج القرآن، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے کارکن اپنے رہنمائوں کی قیادت میں مقرر کردہ راستوں سے ہوتے ہوئے مینار پاکستان چوک پہنچے، مجلس وحدت المسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تحت فقہ جعفریہ کے افراد کی ایک بڑی تعداد مرکزی امام بارگاہ حسینیہ سے نماز جمعہ کے بعد ریلی کی شکل میں برآمد ہوئی، اس موقع پر شرکاء کا جوش دیدنی تھا، نوجوانوں نے علم مبارک کی شبیہ ، قومی پرچم اور القدس کی آزادی کے حوالے سے امام خمینی رہ اور رہبر معظم علی خامنہ ای کے فرامین پر مشتمل بینرز اٹھا رکھے تھے، آئی ایس او کے جھنڈے بھی فضاء میں لہرا رہے تھے، ریلی کے شرکاء "مردہ باد مردہ باد امریکا مردہ باد"، "مردہ باد مردہ باد اسرائیل مردہ باد"، "قدس کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی"، "امریکا کی بربادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی،" "ہے ہماری درس گاہ کربلا کربلا، حق کا سیدھا راستہ کربلا کربلا"، "لبیک یاحسین لبیک یا حسین" اور "پاکستان زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے مینار پاکستان چوک پر پہنچے، جس کے بعد دیگر تنظیموں کے کارکنوں کی بھی آمد شروع ہو گئی اور فضاء شیعہ "سنی بھائی بھائی امریکا تیری شامت آئی" کے نعروں سے گونج ا ٹھی،مصروف ترین چوک پر موجودگی کے باوجود ریلی کے شرکاء نے ٹریفک کی روانی میں کوئی خلل نہیں ڈالا اور ایک مخصوص جگہ کا انتخاب کیا، جس کے بعد تمام تنظیموں کے سربراہان نے یکے بعد دیگرے خطاب کیا۔ مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے علامہ غلام شبیر ،امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی طرف سے نیر عباس حیدری، منہاج القرآن یوتھ ونگ کی طرف سے محمد شاہد، اسلامی جمعیت طلباء کی طرف سے شعیب اقبال اور جماعت اسلامی کے رہنماء نے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں استحکام پاکستان، قبلہ اول القدس کی آزادی اور مختلف مسلم ممالک میں امت مسلمہ کو درپیش خطرات پر روشنی ڈالی، اس موقع پر مقررین نے پاکستان کے حکمرانوں کی امریکہ نواز پالیسیوں اور مسلم ممالک میں ڈھائے جانے والے مظالم پر اقوام متحدہ کے دوہرے کردار پر شدید تنقید کی، اس کے ساتھ ساتھ وقفہ وقفہ سے ریلی کے شرکاء پاکستان زندہ باد، امریکا اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے، ریلی کے شرکاء سے خطاب میں مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء علامہ غلام شبیر نے کہا کہ ہر دور میں ایک الہیٰ قوت رہی ہے اور دوسری شیطانی، اسی طرح آج بھی شیطانی قوت اسرائیل اور امریکا کی شکل میں موجود ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان امام حسین کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے شیطانی قوت کے سامنے ڈٹ جائیں اور اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت کے تحت یزید وقت کو شکست دے دیں، اسی طرح امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی طرف سے خطاب کرتے ہوئے نیر عباس نے کہا کہ ایران کی طرح دیگر مسلم ممالک کو بھی یزید وقت امریکا کے سامنے ڈٹ جانے کی ضرورت ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مسلمان متحد ہو جائیں، ہمارے حکمرانوں کے سامنے جرات نہیں ہے کہ وہ ملک و ملت کے مفاد میں کوئی کام کر سکیں۔منہاج القرآن یوتھ ونگ کے رہنماء محمد شاہد نے کہا کہ ہمارے ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دار ہم خود ہیں وہ اس لئے کہ جب کسی مسجد میں ایک پیش امام کا تقرر کیا جاتا ہے تو اس کیلئے ہر کوالٹی دیکھی جاتی ہے لیکن جب ہم ووٹ کے ذریعے اپنے حکمرانوں کا انتخاب کرتے ہیں تو ہم سب سے کرپٹ، دھوکہ باز، چور قاتل اور بدکردار لوگوں کا انتخاب کرتے ہیں اس لئے اگر حالات تبدیل کرنا ہیں تو سب سے پہلے ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا ہو گا، اسلامی جمعیت طلباء کی طرف سے شعیب اقبال نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ یزید وقت امریکا آج ہماری غیرتوں کو للکار رہا ہے اگر آج بھی ہم خاموش بیٹھے رہے تو تاریخ ہمیں بزدلوں میں شمار کرے گی، ریلی کے تمام مقرین اور شرکاء کا مطالبہ تھا کہ امت مسلمہ قبلہ اول کی آزادی، پاکستان کو درپیش چیلنجز اور مختلف مسلم ممالک میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی مداخلت کے خاتمے کے لئے متحد ہو جائے۔ مقررین کے خطاب کے بعد القدس کی آزادی، ملک کی سلامتی، عراق، فلسطین، کشمیر، لیبیاء اور بحرین کے مسلمانوں کی کامیابی، یزید وقت امریکا اور اسرائیل کی شکست اور مسلمان حکمرانوں کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے دعا کی گئی، اختتامی دعا کے بعد ریلی کے تمام شرکاء پرامن طور پر منتشر ہو گئے، اسی طرح امام بارگاہ حسینہ سے نکلنے والی ریلی کے شرکاء "لبیک یا حسین لبیک یا حسین" کی صدائیں بلند کرتے ہوئے واپس امام بارگاہ پہنچ گئے، پرامن ریلی کے شرکاء سے انتظامیہ نے بھی بھرپور تعاون کیا، کامیاب ریلی کے انعقاد نے شیعہ سنی اتحاد کو مزید مضبوط کرنے کی بنیاد رکھ دی اور اس مثالی اتحاد کے مظاہرہ نے مشترکہ دشمن کے ناپاک ارادوں کو واضح پیغام دے دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110